نواز شریف نے کارکنوں کو احتجاج نہ کرنے کی التماس کردی

0
7

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کارکنوں کو 23 مارچ کو احتجاج سے روکتے ہوئے صرف یوم پاکستان منانے اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے دعا کرنے کی التماس کردی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کارکنوں کے نام پیغام میں کہا کہ مجھے علم ہوا ہے کہ میری صحت کے حوالے سے فکرمند اور پریشان کارکن اپنے جذبات کے اظہار کے لئے اکٹھا ہونا چاہتے ہیں اور میرے حق میں آواز اٹھانے کے لئے شاید کوئی احتجاج ترتیب دینا چاہتے ہیں لیکن میں آپ سے التماس کرتا ہوں کہ 23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں، جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل کے بعد آپ کی یہی محبت اور جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے مگر میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں، صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی ہائی کمان کی ہدایات، پارٹی ڈسپلن کا احترام اور پارٹی پلیٹ فارم کا استعمال ضروری ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک ذمہ دار جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ فیصلہ سازی میں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی یا ذاتی مفاد کو پس پشت رکھا اور عجلت سے کام نہیں لیا، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here